شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سرحدی قصبہ اوڑی میں سلام آباد - گوالن سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے جس سے راہگیروں کو عبور و مرور میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سلام آباد - گوالن سڑک پر جگہ جگہ گہرے گڑھے بن چکے ہیں جن سے حادثات رونما ہونے کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق سلام آباد سے گوالن روڈ کی مرمت کا کام سنہ2019 میں شروع کیا گیا تاہم ’’نامعلوم وجوہات کی بنا پر سڑک کی مرمت کا کام مکمل نہیں کیا گیا۔‘‘
مقامی باشندوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا روڈ کی خستہ حالت کے سبب ڈرین بھی بلاک ہو چکی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا: ’’ٹھیکیدار نے سڑک پر فقط مٹی انڈیل کر کام سمیٹ دیا، تاہم وہ مٹی بھی بارش کی وجہ سے بہہ گئی۔ سڑک خراب ہونے کی وجہ سے ہمارے بچے اسکول بھی نہیں جا سکتے ہیں۔‘‘
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے طلباء نے کہا کہ گزشتہ دو برس سے سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے جس کے سبب انہیں اسکول جانے کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سلام آباد، اوڑی کی عوام نے خستہ حال سڑک کی جلد سے جلد مرمت کا مطالبہ کیا تاکہ ’’عوام کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘‘
دریں اثناء، خستہ حال سڑک کے حوالے سے ای ٹی وی بھارت نے متعلقہ محکمہ کے عہدیداروں سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم ان سے رابط قائم نہ ہو سکا۔