سرینگر: جموں وکشمیر ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(جے کے ڈی ایم ے) نے خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر جموں و کشمیر کے دس اضلاع میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ ڈی ایم اے نے بارہمولہ ، ڈوڈہ ، گاندربل ، کشتواڑ ، کپواڑہ ، پونچھ ، رامبن ، ریاسی ، اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں تین ہزار میٹر اوپر برفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری کی ہے۔ان اضلاع میں رہنے والے لوگوں سے احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں جانے سے احتراز کریں جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات لاحق رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں 25 مارچ تک میدانی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں بیشتر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ برف باری ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کے میدانی علاقوں میں 24 اور25 مارچ کو ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے اور اس دوران تیز ہوائوں کے چلنے کا بھی امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ 24 مارچ کی دوپہر سے بارش شروع ہونے کی توقع ہے۔محکمے نے کسانوں سے باغوں کی دوا پاشی کرنے سے فی الوقت احتراز کرنے کی تاکید کی ہے جبکہ قومی شاہراہ اور دیگر پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے کا ارادہ رکھنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سفر پر نکلنے سے قبل ان سڑکوں کے متعلق متعلقہ ٹریفک حکام سے جانکاری حاصل کریں۔
مزید پڑھیں: Kashmir Weather Update کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برف و باراں کا امکان
بتادیں کہ اس سے پہلے17 فروری کو سرحدی ضلع کپواڑہ کے مژھل علاقہ میں برفانی تودا گر آیا تھا۔ اس حادثہ میں ایک شخص ہلاک جبکہ تین لوگوں کو بچا لیا گیا۔ اس سے قبل 10 فروری کو سرحدی علاقہ گریز کے ماز گنڈ بالا علاقے میں برفانی تودا گر آیا تھا۔ اس برفانی تودے کی زد میں ایک خاتون اور ایک دوشیزہ آئی تھی، تاہم مقامی لوگوں نے فوری طور بچاؤ آپریشن شروع کرکے دونوں کو زندہ بچالیا تھا۔ وہیں مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں یکم فروری کو برفانی تودا گرا تھا۔ اس برفاتی تودے میں پولینڈ کے دو سیاح ہلاک ہوئے تھے۔ ریسکیو آپریشن کے ذریعے 19سیاحوں اور دو مقامی گائیڈز کو بچایا گیا تھا۔امسال 12جنوری کو سونہ مرگ میں ایک برفانی تودا گرا آیا تھا اس حادثہ میں ایک نجی کمپنی میگھا انجینئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ کے دو مزدور سندیپ سنگھ اور بالکرشن ہلاک ہوئے تھے۔ واضح رہے کہ جموں وکشمیر ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر وقتاً فوقتاً برفانی تودے گرآنے کی وارننگ جاری کرتا ہے۔ اس دوران بالائی علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے احتیاط برتنے کی ہدایت دی جاتی ہے اور انہیں ان علاقوں میں جانے سے احتیاط برتنے کی ہدایت دی جاتی ہے جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات رہتے ہیں۔