شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایل او سی پر دھماکہ خیز مواد ملنے سے اوڑی نامبلہ کے گاوں میں افراتفری پھیل گئی۔
دھماکہ خیز مواد کی خبر سکیورٹی اہلکاروں تک پہنچی، جس کے بعد بم اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنا دیا۔
واضح رہے کے ایل او سی کے نزدیکی نامبلہ گاؤں میں گزشتہ ہفتے سے بھارت اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ جاری ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے 'پاکستان کی جانب سے آئے دن ہونے والی گولہ باری سے یہاں کے لوگ شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
انہوں نے دونوں ممالک کی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے مؤثر اقدامات اُٹھائیں۔ اس کے علاوہ بروقت کاروائی کرنے پر بھارتی فوج کا لوگوں نے شکریہ ادا کیا۔
جموں و کشمیر کے ضلع راجوری، پونچھ، بارہمولہ، کٹھوعہ اور سامبہ میں آئے دن جنگ ببندی معاہدے کی خلاف ورزی کی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں۔
گذشتہ روز ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں گولہ باری کے دوران ایک بھارتی فوجی جوان ہلاک ہو گیا، اس کے بعد آج بھی نوشہرہ سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی۔