شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے عشم سونا واری علاقے میں لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں نے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف منگل کو احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاج میں شامل درجنوں مرد و زن نے بتایا کہ انہیں پینے کے صاف پانی کو لیکر کافی مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے محکمہ جل شکتی کے خلاف نعرے بازی کی اور کہا کہ محکمہ جل شکتی کے ملازمین و افسران کی وجہ سے کثیر آبادی پانی کی نعمت سے محروم ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں تاہم ’’محکمہ جل شکتی غفلت کی نیند میں محو ہے۔‘‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس سے قبل بھی کئی دفعہ پانی کی عدم دستیابی کو لیکر احتجاج کیا گیا تاہم اس کے باوجود بھی علاقے میں درپیش پانی کے حوالے سے مشکلات کا ازالہ نہیں کیا گیا۔
مزید پڑھیں: محکمہ جل شکتی کے خلاف شاہ گنڈ سونواری کی خواتین کا احتجاج
احتجاج کے سبب کافی دیر تک عشم - بانڈی پورہ سڑک پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر رہی۔
انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی کہ علاقے میں پینے کے پانی جیسی بنیادی ضرورت کو یقینی بنایا جائے۔ احتجاج کر رہے لوگوں نے متنبہ کیا کہ اگر فوراً ان کا یہ مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو وہ احتجاج کو جاری رکھیں گے۔