محرم الحرام کے متبرک ایام جاری ہیں اور ان ایام کے دوران جگہ جگہ عزاداری کی مجالس و تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے- جہاں امام حسینؓ اور دیگر شہداء کربلا کی یاد میں عزاداری کرنا ایک عظیم عمل تصور کیا جاتا ہے۔ وہیں دوسری جانب ان ایام کے دوران عزاداروں کی خدمت کرنا بھی بہت نیک کام مانا جاتا ہیں اور ان دنوں عزاداران امام حسینؓ کے لئے نہ صرف کھانے پینے کا اہتمام کیا جاتا ہے بلکہ انہیں دیگر سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔
ان دنوں جب کہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں عزاداری کی مجالس کا سلسلہ جاری ہیں اور دوسری جانب کورونا وائرس کا پھیلاؤ بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے تو کچھ نوجوانوں نے عزاداروں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے اور انہیں اس حوالے سے آگاہ کرنے کے لئے ایک منفرد پہل شروع کی ہے- یہ نوجوان جگہ جگہ مجالس اور جلوسوں میں جا کر عزاداروں کے درمیان ماسک تقسیم کرتے ہیں اور وہاں سینٹائزیشن کی بھی کوشش کرتے ہیں۔ تاکہ عزاداران امام حسینؓ ان مجالسوں کے دوران کورونا وائرس سے نہ صرف خود بچ سکیں بلکہ اس کے پھیلاؤ کو بھی روکا جاسکے- اس کے علاوہ یہ نوجوان جلوس عزاء کے دوران صاف و صفائی کا بھی خیال رکھتے ہیں۔
بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں نکالے جانے والے جلوسوں کے دوران مذکورہ نوجوان پہنچ کر وہاں کوڈا کرکٹ صاف کرتے ہیں اور اس کے علاوہ جلوس میں شرکت کرنے والے عزاداروں کو کورونا وائرس کی گائیڈ لائنز جیسے سوشل ڈسٹنسنگ اور ماسک پہننے کی اہمیت کے بارے آگاہ کرتے ہیں-
یہ بھی پڑھیں: پی ڈی پی: میٹنگ میں شرکت کی اجازت نہ دیے جانے پر ویڈیوز جاری
عزاداری کرنے کا مقصد لوگوں کو امام حسینؓ کا انسانیت کے نام وہ آفاقی پیغام پہنچانا ہے جو انہوں نے اپنے اہل خانہ اور دیگر رفقاء کے ہمراہ کربلا میں عظیم قربانی پیش کر کے دیا تھا- مذکورہ نوجوانوں کی یہ پہل قابل تعریف ہی نہیں بلکہ قابل تقلید ہے کیونکہ ان کے بقول عزاداری تبھی محفوظ ہے جب ایک عزادار محفوظ ہے-