پولیس ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کے روز ضلع کے حاجن علاقے میں لشکر طیبہ عسکری تنظیم سے وابستہ تین معاونین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزمین کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ مخصوص اطلاع ملنے کے بعد بانڈی پورہ پولیس، 13 آر آر اور سی آر پی ایف 45 بٹالین نے مشترکہ طور پر کاوائی کی اور عسکری تنظیم لشکر طیبہ کے تین معاونین گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ برآمد شدہ اسلحہ میں تین لائیو ہینڈ گرینڈ، ایک اے کے 47 میگزین اور چند گولیوں کے راؤنڈ شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار شدگان لشکر طیبہ تنظیم سے وابستہ تھے اور سمبل اور حاجن کے علاقے میں لشکر کے سرگرم عسکریت پسندوں کو پناہ اور دیگر مدد فراہم کررہے تھے۔
گرفتار شدگان کی شناخت بشیر احمد میر ولد عبد الاحد میر ساکن حاجن، عرفان احمد بٹ ولد غلام احمد بٹ ساکن بونی خان محلہ حاجن اور ہلال احمد پرے ولد غلام مصطفیٰ پرے ساکن پرے محلہ حاجن کے بطور ہوئی ہے۔ اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔