جموں و کشمیر کے بانڈی پورہ سے گریز تک بجلی کی ترسیلی لائن بچھانے کا کام تیزی سے جاری ہے وہیں اس منصوبے کو لیکر گریز اور تُلیل کے لوگ مختلف خدشات کا اظہار کر رہے ہیں۔ گریز کی مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ جہاں موسم سرما میں رازدان ٹاپ پر پندرہ فُٹ سے زائد برف جمع ہوجاتی ہے وہیں دہی نالہ، زیڈ کُھسی نالہ اور دوسرے مقامات پر موسم سرما میں برفانی تودے گر آتے ہیں اور یوں کھمبے نصب کر کے گریز تک ترسیلی لائن بچھانے کا کام صرف اور صرف پیسوں کا غلط استعمال ہے۔
واضح رہے گزشتہ برس نصب کئے گئے کھمبے کئی مقامات پر موسم سرما میں ہوئی برف باری کی وجہ سے لڈھک گئے ہیں۔
مقامی لوگوں کا مزید کہنا تھا کہ بہتر یہیں رہتا کہ گریز میں ہی کوئی چھوٹا سا بجلی پروجیکٹ بنایا جاتا یا ترسیلی لائن کو زیر زمین گریز تک لایا جاتا جس سے پیسے کی بربادی نہ ہوتی۔
یہ بھی پڑھیں: بانڈی پورہ اور گریز کے درمیان فضائی سروس کا مطالبہ
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گریز اور تُلیل کے لوگوں کو جنریٹروں کے ذریعے شام کے وقت کچھ گھنٹوں کے لئے بجلی فراہم کی جاتی ہے۔
ادھر گریز کے تاجروں کا بھی کہنا ہے کہ بجلی کی عدم دستابی کی واجہ سے اکثر کارباری سرگرمیاں متاثر رہتی ہیں۔