جموں و کشمیر، ضلع بانڈی پورہ کے گامدو سوناواری علاقے کی سڑک پر پانی جمع ہونے سے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ راہگیروں کو بھی کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق گامدو کی یہ سڑک گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کی جانب جاتی ہے جس کی وجہ سے بچوں کے علاوہ ملازمین بھی اسی راستے سے عموماً گزرتے ہیں لیکن حالیہ دنوں میں ہوئی بارش کی وجہ سے سڑک پر کافی زیادہ پانی جمع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی لوگوں نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ اس سڑک کی تعمیر متعدد دفعہ کی گئی ہے لیکن پانی کی نکاسی کا بہتر انتظام نہ ہونے کی وجہ سے سڑک پر پانی جمع ہوجاتا ہے جس سے لوگوں کو مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔
مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ علاقے میں ڈرینیج کا مناسب انتظام کیا جائے تاکہ مستقبل میں انہیں ایسی مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔