کشمیر ہیلتھ سروسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے ہفتے کے روز شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کا دورہ کرکے اسپتالوں میں بنیادی ڈھانچہ اور کورونا سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر نے ضلع ہسپتال بانڈی پورہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا، ضلع اسپتال بانڈی پورہ میں تقریبا سو مریضوں کے لیے جگہ خالی ہے اور کورونا وائرس سے متعلق تمام تر سہولیات بھی دستیاب ہے۔
بانڈی پورہ اسپتال میں اس وقت 30 کووڈ مریض ہیں، ڈائریکٹر نے اسپتال کا تفصیلی معائنہ کیا اور حالیہ افتتاحی آکسیجن پلانٹ سمیت تمام شعبوں کا بھی معائنہ کیا۔
خیال رہے حال ہی میں ضلع ہسپتال بانڈی پورہ میں 1000 ایل پی ایم آکسیجن جنریشن پلانٹ کا افتتاح کیا گیا تھا، جس کا آج انہوں نے معائنہ کیا۔ اس دوران ڈائرکٹر نے مریضوں اور ہیلتھ کیئر عملہ کے ساتھ بات چیت بھی کی۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ چیف میڈیکل آفیسر بانڈی پورہ بھی تھے، جنہوں نے ضلع بانڈی پورہ میں صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات، آکسیجن کی فراہمی اور کورونا وائرس مریضوں کے لیے فراہم کی گئی سہولیات کے متعلق آگاہ کیا۔