جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں بیک ٹو ولیج کے تیسرے مرحلے میں ڈائریکٹر ہارٹیکلچر اعجاز احمد بٹ نے سرحدی علاقے گریز کا دورہ کیا، اس موقعے پر ان کے ہمراہ چیف ہارٹیکلچر افسر بانڈی پورہ، ایس ڈی ایم گریز، ایس ڈی پی او، تحصیلدار اور بلاک ڈیولپمنٹ افسر بھی موجود تھے۔
بیک ٹو ولیج پروگرام کے تحت ڈائریکٹر نے آج پنچایت حلقہ کھمریال کا بھی دورہ کیا جہاں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں متعدد پنچوں، سرپنجوں اور بی ڈی سی چئیرمین کے علاوہ مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران عوامی وفود نے علاقے سے متعلق متعدد اہم مسائل افسران کے سامنے پیش کیے، جن میں بجلی کو کم سے کم سات گھنٹے تک دستیاب کرائے جانے پر زور دیا گیا. واضح رہے کہ گریز علاقے میں اس وقت محض چند گھنٹوں کے لیے ہی بجلی فراہم کی جاتی ہے، اس کے علاوہ موسم سرما کے دوران برف باری کے باعث اسکولی عمارت، دیگر سرکاری عمارت اور نجی عمارت کو پہنچے نقصان کو اگلی برف باری سے پہلے ہی ازالہ کیا جائے۔
تقریب میں متعدد لوگوں میں ڈومیسائل اسناد بھی تقسیم کیے گئے، اس موقعے پر ڈائریکٹر نے اسناد کے علاوہ نصابی اشیاء اور جسمانی طور سے معذور افراد کے لیے دیگر اشیاء تقسیم کیے. جب کہ ہارٹیکلچر مہکمے نے متعدد افراد میں پالی گرین ہاوسز تقسیمِ کیے. اس کے علاوہ ڈائریکٹر اور ان کے ہمراہ دیگر اشخاص نے ڈگری کالج کے علاوہ منریگا کے تحت مکمل کیے گئے متعدد کاموں کا بھی جائزہ لیا۔