شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے سوناواری علاقے میں محرم الحرام کے سلسلے میں تیاریاں عروج پر ہیں۔ پیر کو سمبل سب ضلع میں نوجوانوں نے محرم الحرام اور معرکہ کربلا کے حوالے سے مختلف مقامات پر بینرس اور جھنڈے چسپاں کیے جن پر شہداء کربلا اور امام عالی مقام کی شہادت کے تعلق سے مختلف اقوال تحریر کئے گئے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی نوجوانوں کا کہنا تھا کہ وہ یہ بینرس کربلا کے پیغام کو عوام تک پہنچانے کی غرض سے چسپاں کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کربلا کا پیغام کسی خاص مسلک یا ملت سے منسوب نہیں ہے بلکہ وہ ایک آفاقی پیغام ہے اور انسانیت سے منسوب ہے لہذا محرم کسی خاص مذہب یا ملت سے متعلق نہیں ہے اور نہ اس میں کوئی بندش ہے۔
مزید پڑھیں؛ سمبل بانڈی پورہ میں کورونا بیداری ریلی نکالی گئی
ان کا مزید کہنا تھا کہ محرم الحرام کی مجالس جلوس اور دیگر اجتماعات میں کسی بھی مذہب یا مسلک سے وابستہ لوگ شرکت کر سکتے ہیں اور اسی مقصد سے وہ اس پیغام کو عام کرنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ کل سے اسلامی کلینڈر کا نیا سال اور محرم الحرام 1443 ہجری کا مہینہ سایہ فگن ہو رہا ہے اس سلسلے میں کشمیر کے مختلف علاقوں خاص کر شیعہ اکثریتی علاقوں میں تیاریاں شد و مد سے جاری ہیں۔