لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے پیر کو شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے سمبل قصبے کا دورہ کیا اور عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ 19) سے نمٹنے کے لئے علاقے میں جاری اقدامات کے سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کی۔
اس موقع پر بصیر احمد خان نے پنچایتی راج اداروں کے نمائندوں، مذہبی سربراہوں، تاجروں اور معزز شہریوں پر مشتمل مختلف وفود کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی، جنہوں نے اس مسئلے کے حوالے سے اپنی رائے اور تجاویز پیش کیں۔
بصیر خان نے اس موقع پر عالمگیر وبائی مرض کورونا وائرس اور اس سے پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور اس وبا کے خلاف مقابلہ کرنے میں مقامی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے باہمی تعاون کی سراہنا کی۔
انہوں نے شرکاء سے وبائی مرض سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لئے تعاون کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صورتحال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح جد و جہد کر رہی ہے اور اس معاملے پر لوگوں کا تعاون ناگزیر ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر نے مذہبی سربراہان اور عوامی نمائندوں سے کہا کہ وہ مہلک وائرس سے حفاظت کے لئے وضع کیے گئے ایس او پیز کے بارے میں عوام تک معلومات پہنچائیں۔