بانڈی پورہ: جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے دارالعلوم نائدکھائی، سوناواری میں ایک عظیم الشان جلسہ دستاربندی کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں مدرسہ میں حفظ قرآن مکمل کرنے والے طلبہ کی دستار بندی عمل میں لائی گئی۔ اس موقع پر جلسہ کا اہتمام کیا گیا جس میں بانڈی پورہ سمیت دیگر اضلاع سے آئے فرزندان توحید نے شرکت کی۔ اس موقع پر مدرسہ کی جانب سے مدعو کیے گئے علماء کرام نے خطابات بھی کیے۔ Annual Congregation at Darul uloom Naid Khai Bandipora
جلسہ دستاربندی میں نامور مذہبی شخصیت مہتمم دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ، و رکن شوری دارالعلوم دیوبند مولانا رحمت اللہ میر قاسمیؔ نے حفاظ کرام کی دستاربندی کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مولانا رحمت اللہ میر قاسمی نے عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے قرآن و سنت کی پیروی کی تلقین کرتے ہوئے مدارس عربیہ کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
مدرسہ کے ایک استاد نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ دارالعلوم میں مقامی درجنوں طلبہ صبح و شام علوم دینیہ پڑھنے آتے ہیں جب کہ 25 طلبہ چوبیس گھنٹے مدرسہ میں قیام پذیر رہتے ہیں جن کے قیام و طعام کا انتظام مدرسہ کی جانب سے مفت کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدرستہ کی جانب سے ہر سال اس طرح کی تقاریب منعقد کرکے حفاظ کرام کی دستاربندی کی جاتی ہے۔