نئی دہلی: قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے منی پور حکومت سے ریاست میں جاری تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کو کہا ہے۔ تشدد کے متاثرین کی امداد اور بازآبادکاری کے بارے میں بھی آگاہ کرنے کو کہا اور مخصوص شکایات کے سلسلے میں ریاستی حکومت سے مانگی گئی کارروائی کی رپورٹ درج نہ کرنے پر ناراضگی ظاہر کی۔ کمیشن نے کہا ہے کہ منی پور میں جاری تشدد کی وجہ سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے متعلق زیادہ تر معاملات میں ریاستی حکومت سے اس کی طرف سے مانگی گئی کارروائی کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ لہٰذا یہ جاننا ضروری ہو جاتا ہے کہ جو واقعات کافی وقت سے رونما ہورہے ہیں اور طویل وقت سے جاری گڑبڑیوں کے سلسلے میں متعلقہ حکام نے کیا کارروائی کی ہے۔
حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں مزید تشدد نہ ہو۔ واضح رہے کہ اس سے قبل قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے منی پور حکومت اور ریاستی پولیس کے سربراہ کو ایک ہجوم کے ذریعہ دو خواتین کو مبینہ طور پر برہنہ کرنے کے سلسلے میں نوٹس جاری کیا تھا۔ بتا دیں کہ منی پور میں گذشتہ دو ماہ سے جاری ذات پات کے تشدد میں سینکڑوں لوگ مارے جا چکے ہیں۔ اس دوران منی پور کی برہنہ خواتین کے ویڈیو سے پورے ملک میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: Swati Maliwal in Manipur سواتی مالیوال کی منی پور میں متاثرہ خواتین کے اہل خانہ سے ملاقات
یو این آئی