جورہاٹ: آسام کے جور ہاٹ شہر میں واقع چوک بازار میں جمعرات کے روز زبردست آگ لگ گئی جس میں 530 دکانیں جل کر راکھ ہوگئیں۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی وہیں کچھ تاجروں نے الزام عائد کیا کہ یہ آگ شرپسندوں نے لگائی ہے۔ چوک بازار میں جمعرات کی رات تقریباً 9:30 بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی اور تاریخی چوک بازار کچھ ہی دیر میں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔ اس خوفناک آتشزدگی میں کروڑوں روپے کی املاک جل کر راکھ ہوگئیں۔ کچھ تاجر روتے ہوئے نظر آئے کیونکہ یہ کاروبار ہی ان کی آمدنی کا ذریعہ تھا۔
پولیس کے مطابق اس آتشزدگی کی وجہ سے کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے کیونکہ تقریباً تمام دکانیں بند تھیں۔ دکاندار اور ملازمین اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہو چکے تھے۔ پولیس کے مطابق زیادہ تر دکانیں کرانہ اور کپڑوں کی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بازار میں کچھ پٹاخوں دکانیں بھی تھیں، جب آگ لگی تو آتش بازی کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے جورہاٹ ضلع اور آس پاس کے علاقوں سے تقریباً 25 فائر ٹینڈرز کو تعینات کیا گیا تھا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جورہاٹ کے تاریخی چوک بازار میں لگی آگ نے یادوں کو پل بھر میں تباہ کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : آسام آئل ویل فائر: افراد خاندان بیٹے کے لئے انصاف کے خواہاں