آسام اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلہ سے چار دن پہلے بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے زور دے کر کہا کہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) پارلیمنٹ نے منظور کیا ہے اور اس کا اطلاق بروقت ہوگا اور اسے آسام میں ضرور نافذ کیا جائے گا۔
ریاستی بی جے پی کے صدر رنجیت داس نے ایک دن بعد ہی اس بات کی تصدیق کی کہ ریاست میں متنازع شہریت (ترمیمی) ایکٹ 2019 نافذ کیا جائے گا، بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے پارٹی کے منشور کو 2021 کے انتخابات کے لئے جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی اے اے کو ایک لائحہ عمل طے کرتے ہوئے عمل میں لایا جائے گا۔
نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے نڈا نے یہ بھی وعدہ کیا ہے کہ وہ 'درست شدہ این آر سی' کی طرف کام کریں گے، جو 'حقیقی ہندوستانی شہریوں' کی حفاظت کرے گا اور 'دراندازوں کا پتہ لگائے گا'۔
وزیر اعلیٰ سربانند سونووال سمیت دیگر مرکزی اور ریاستی رہنماؤں کے ہمراہ نڈا نے این ڈی اے حکومت کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نریندر مودی کی سربراہی میں آسام کی جامع ترقی کے لئے گذشتہ پانچ سالوں سے انتھک محنت کر رہی ہے، انہوں نے وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر اعلیٰ، دیگر وزراء اور رہنماؤں کے ذریعہ نچلی سطح پر عملدرآمد کے ویژن کی حمایت کی۔
منشور میں 10 وعدوں کی وضاحت کرتے ہوئے بی جے پی صدر نے کہا کہ "مشن برہم پتر" کے تحت آسام میں سیلاب کو روکنے اور لوگوں کی روزی روٹی کو بچانے کے لئے نیا سائنسی انداز اپنایا جائے گا۔
بی جے پی کے منشور میں دائمی سیلاب کے سبب تباہ کاریاں اور اس کے سد باب کے لیے مناسب انتظام، آسامی ثقافت کے تحفظ اور ترقی، نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔
میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی صدر نے کہا کہ آسام کے بچوں کے مستقبل کو فروغ دینے کے لئے ریاستی حکومت کے زیر انتظام اداروں میں 'مشن بالا اُون ناین' کے تحت ہر بچے کو تربیت یافتہ اساتذہ کے ساتھ مفت اور معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم آسام کے تحفظ کے لئے ایک درست سمت میں حقیقی بھارتی شہریوں کی حفاظت کریں گے اور دراندازوں کا پتہ لگائیں گے تاکہ ہماری تہذیب محفوظ رہے۔ ساتھ ہی انہوں نے آسام کی روایتی واشنوی خانقاہوں کو مضبوط بنانے اور ان کا تحفظ کرنے کا بھی وعدہ کیا اور کہا کہ ان روایتی اداروں کو ڈھائی لاکھ روپے تک کی امداد فراہم کی جائے گی۔