آرمی چیف جنرل نے جمعرات کے روز تیج پور میں قائم 4 کورپس ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور اروناچل پردیش اور سکم میں واقع لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر بھارت فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
حکام نے بتایا کہ سینئر آرمی کمانڈروں کے ساتھ بات چیت میں آرمی چیف نے انہیں ہدایت دی کہ مشرقی لداخ میں سرحد پر الرٹ رہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 'جنرل ناراونے کو مشرقی کمان کے چیف آف کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل انل چوہان نے مشرقی سیکٹر میں چین سے متصل علاقوں میں فوجیوں اور اسلحہ کی تعیناتی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
جنرل ناراونے نے سرحد پر تعینات فوجیوں کی سراہنا کی۔
مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ سرحد پر کشیدگی کے پیش نظر فوج نے اروناچل اور سکم سیکٹر سمیت تقریباً 3500 کلومیٹر طویل ایل اے سی سمیت تمام حساس علاقوں میں فوجیوں کی تعیناتی کو نمایاں طور پر بڑھاوا دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بھارتی فضائیہ آئی اے ایف نے اروناچل سیکٹر میں ایل اے سی پر اضافی لڑاکا طیارے اور ہیلی کاپٹر بھی تعینات کر دیے ہیں۔
جنرل ناراونے جمعہ کو لکھنؤ میں سینٹرل کمانڈ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرنے والے ہیں۔ بھارت اور چین نے سفارتی بات چیت کے متعدد دوروں کا انعقاد کیا ہے جس کا مقصد مشرقی لداخ میں فوجیوں کی دستبرداری ہے۔