حیدرآباد: آندھراپردیش میں کانگریس نے لوک سبھا کے ساتھ ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی صدر وائی ایس شرمیلا کی کانگریس میں شمولیت کی اطلاعات کے ساتھ ہی اس تلگو ریاست کے سیاسی حلقوں میں بحث شروع ہوگئی ہے۔ شرمیلا جو متحدہ آندھرا پردیش کے سابق وزیراعلی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی دختر اور وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی سربراہ ہیں، کو کانگریس ہائی کمان کی جانب سے دہلی طلب کئے جانے کی اطلاع ملی ہے۔
شرمیلا کے بھائی وائی ایس جگن موہن ریڈی فی الحال اس تلگو ریاست کے وزیراعلی اور وائی ایس آر کانگریس کے صدر ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ کانگریس کے سینئر لیڈران شرمیلا سے اے پی کے انتخابات کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کریں گے۔ شرمیلا کی پارٹی نے حال ہی میں منعقدہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات سے کانگریس کی ایما پر دوری اختیار کی تھی۔ سمجھا جاتا ہے کہ انہیں اے پی میں انتخابی مہم چلانے والی اہم شخصیات (اسٹار کمپینر) میں شامل کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: شرمیلا کا کانگریس میں شامل ہونے کا امکان، کے وی پی رام چندر راؤ
اسی دوران اے پی کانگریس کے لیڈروں نے پارٹی کے اعلی رہنماوں سے آج ملاقات کی جس میں انتخابی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس جس کا سال 2014میں متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے موجودہ آندھراپردیش کی اسمبلی میں کوئی بھی رکن نہیں ہے، کے احیا کی تیاری کی جارہی ہے۔
یو این آئی