آندھرا پردیش کے سری سیلم پاور اسٹیشن میں آگ لگنے کے بعد 3 افراد کی موت ہوگئی ہے۔ آگ لگنے کے بعد راحت اور ریسکیو کا کام جاری ہے۔ وہیں اس حادثے میں 10 افراد کو بچانے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ چھ افراد کی تلاش جاری ہے۔ چھ زخمی افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ آگ سری سیلم ووٹر پروجیکٹ کے زیرِزمین بجلی گھر میں لگی ہے۔ اطلاع کے مطابق جمعرات کے دیر رات کو یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ ہے۔
حکام نے بجلی کی فراہمی کو بند کر کے ایک بڑے حادثے کو ٹال دیا۔ جائے وقوع پر موجود 17 افراد میں سے 8 افراد سرنگ کے راستے محفوظ مقام پر پہنچ گئے۔ پھنسے ہوئے لوگوں میں ٹی ایس جی این سی او کے چھ ملازمین اور نجی کمپنی کے تین ملازمین شامل ہیں۔
فائر فائٹرز کو حادثے کے مقام پر بھیجا گیا ہے اور پھنسے لوگوں کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دھواں زیادہ ہونے کی وجہ سے راحت کے کاموں میں خلل پیدا ہو رہا ہے۔
نگر کرنول کلکٹر شرمن، وزیر جگدیش ریڈی اور ٹی ایس جینکو کے سی ایم ڈی پربھاکر راؤ نے موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
جنکو کے سی ای او سریش نے بتایا کہ پاور ہاؤس سے ایمرجنسی کے تین راستے نکلتے ہیں اور اس بات کا امکان ہے کہ پھنسے ہوئے ملازمین ان تنیوں میں سے کسی ایک راستے سے باہر آجائیں۔
ریڈی نے بتایا کہ یہ حادثہ بجلی گھر کے پہلے یونٹ میں پیش آیا اور چار پینل کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھواں ہونے کی وجہ سے فائر فائٹرز سرنگ میں داخل نہیں ہو سکتے ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں کو ریسکیو آپریشن کے لئے سنگرینی کولیری سے بھی لایا جا رہا ہے۔ حادثہ پیش آنے کے بعد سے بجلی گھر پر بجلی پیدا کرنے کے آپریشن کو روک دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سری سیلم کا باندھ کرشنا ندی پر واقع ہے جو تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی سرحد پر ہے۔