گزشتہ دو روز سے وقفہ وقفہ سے ہو رہی بارش کی وجہ سے ضلع اننت ناگ کے کئی مقامات پر رابطہ سڑکوں پر کافی پانی جمع ہو گیا ہے، جس کے سبب نہ صرف سڑکوں کے خستہ ہونے کا خدشہ ہے بلکہ عام لوگوں و مسافروں کو چلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
قصبہ بجبہاڑہ کے سمتھن علاقہ سے کھنہ بل تک جموں سرینگر قومی شاہراہ پر خاص کر پازالپورہ اور بٹنگو کے مقامات پر کافی پانی جمع ہو گیا ہے، جس کی وجہ یہی ہے کہ ان مقامات پر ڈرینیج نظام یا تو ناکارہ ہے یا نہ ہونے کے برابر ہے۔
اگرچہ مذکورہ شاہراہ کو کئی ماہ قبل میگڈامائز کیا گیا، تاہم معقول میکانزم کے تحت سڑک کی مرمت نہیں کی گئی ہے۔ وہیں شاہراہ کے اکثر مقامات خاص کر نشیبی علاقوں میں ڈرینیج کی سہولت دستیاب نہیں رکھی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ معمولی بارش ہوتے ہی ان مقامات پر شاہراہ تالاب کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہسپتال انتظامیہ پر عدم توجہی کا الزام
گزشتہ روز سے پہاڑی علاقوں میں شدید جبکہ میدانی علاقوں میں درمیانہ درجہ کی ہو رہی بارش سے ندی نالوں اور خاص کر وادی کے سب سے بڑے دریا، دریائے جہلم کی سطح آب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پانی کی سطح ابھی خطرے کے نشان سے نیچے ہے۔
محکمہ موسمیات نے کل جمہ کے روز موسم میں بہتری آنے کی پیش گوئی کی ہے۔