اننت ناگ: ایک بار پھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی رنگ لائی، جس کے باعث وادی کے میدانی علاقوں میں گزشتہ رات سے ہی بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ برفباری کے نتیجے میں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سب ضلع کوکرناگ انتظامیہ اور صوبہ جموں کے ضلع کشتواڑ کی انتظامیہ نے احتیاطی طور سنتھن کشتواڑ رابطہ سڑک اور مرگن ٹاپ مڑواہ رابطہ شاہراوں کو ٹریفک کی آواجاہی کے لئے معطل کر دیا گیا ہے۔انتظامیہ نے مذکورہ شاہراوں کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ لیا کہ دونوں شاہراوں کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے جزوی طور بند کردیا، تاکہ لوگوں کی جان اور مال کو تحفظ فراہم ہو۔
وادی کشمیر میں گزشتہ شام کو پہاڑی علاقوں میں برف و باراں اور میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا، جس کے ساتھ ہی درجہ حرارت میں بتدریج کمی واقع ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر میں جمعرات کی شام پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری سے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ وہی سنتھن ٹاپ پر برف ہٹانے کا کام موسم میں بہتری آنے کے بعد ہی کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: |
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے قبل ہی وادی کے پہاڑی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی تھی، حالانکہ متعلقہ محکمہ نے 10 نومبر کے بعد موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، اس دوران درجہ حرارت میں بھی اضافہ درج ہوسکتا ہے۔