ضلع اننت ناگ میں لاک ڈاؤن کھلتے ہی ٹریفک جام کا مسئلہ پھر سے شروع ہو گیا۔ قصبہ کے مصروف ترین بازاروں - لاک چوک، چینی چوک، مٹن چوک سمیت دیگر مقامات پر ذاتی کام کاج کے سلسلے میں آئے لوگ سڑک کے کنارے اپنی گاڑیاں غلط طریقے سے پارک کرتے ہیں جس کے سبب ٹریف جام کی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے، نتیجتاً نہ صرف راہگیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ مریضوں کو ہسپتال لے جانے میں بھی کافی رکاوٹیں حائل ہو جاتی ہیں۔
اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک مہم شروع کی گئی جس کے تحت غیر قانونی طور پارک کی گئی گاڑیوں کو ضبط کرکے انہیں لفٹر کے ذریعہ سڑک سے ہٹایا گیا اور کار مالکان کے خلاف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ڈی ٹی آئی امتیاز احمد کی صدارت میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ٹیم متحرک ہے جو روزانہ کی بنیاد پر اس طرح کی کارروائیوں میں مصروف ہے۔
عام لوگوں خاص کر دکانداروں و تجارت پیشہ افراد نے ٹریفک پولیس کے اس اقدم کی سراہنا کی ہے۔