اننت ناگ (جموں و کشمیر) : جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں بدھ کو ایک دلدوز سڑک حادثے میں کم از کم سات افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ اس ضمن میں موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق سرینگر جموں شاہراہ پر بجبہاڑہ کے اروانی کراسنگ کے قریب ایک الٹو کار اور ایک سومو گاڑی کے درمیان زور دار ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں سات افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
حادثہ کے فوراً بعد مقامی باشندوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو سب ڈسٹرک ہسپتال بجبہاڑہ منتقل کیا، جن میں سے رخسانہ نامی ایک زخمی خاتون کی حالت تشویش ناک بتائی گئی جسے بہتر علاج و معالجے کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ ریفر کیا گیا۔ زخمیوں میں رخسانہ دختر شوکت احمد ساکنہ گوسو کپوارہ، ارم جان درختر شوکت احمد شیخ ، فاطمہ دختر محمد اسوار، مومنہ اور جاوید احمد شامل ہیں۔ زخمیوں کا ایس ڈی ایچ بجبہاڑہ میں علاج و معالجہ جاری ہے تاہم شدید زخمی ہوئی رخسانہ کو بہتر علاج کے لیے جی ایم سی اننت ناگ ریفر کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: Bijbehara Accident سڑک حادثہ میں دوشیزہ ہلاک، تین افراد زخمی
ادھر، اننت ناگ پولیس نے حادثہ کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے دونوں صوبوں میں ہر سال ٹریفک حادثات میں سینکڑوں افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو جاتے ہیں۔ حادثات زیادہ تر سرینگر جموں شاہراہ پر ہی رونما ہوتے ہیں۔ حکام اور ماہرین کے مطابق ٹریفک قوانین سے ناواقفیت اور ان پر عملدرآمد نہ کرنا ٹریفک حادثات کا موجب بنتے ہیں تاہم لوگوں کا ماننا ہے کہ خستہ حال سڑکیں بھی حادثات کا موجب بنتی ہیں۔