لارنو: ضلع ترقیاتی کونسل کی لارنو سیٹ پر 7 جون کو تیسری بار ووٹوں کی گنتی عمل میں لائی گئی، جس میں آزاد امیدوار ساجدہ بیگم نے اپنی حریف پی اے جی ڈی کی امیدوار خالدہ بی بی کو 65 ووٹوں سے شکست دے دی۔
واضح رہے کہ ڈی ڈی سی انتخابات 2020 میں پی اے جی ڈی کی امیدوار خالدہ بی بی کو کامیاب قراد دیا گیا تھا اور انہوں نے اپنی حریف آزاد امیدوار ساجدہ بیگم کو 7 ووٹوں سے شکست دی تھی تاہم ساجدہ بیگم نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو مذکورہ سیٹ پر دوبارہ گنتی کرانے کی اپیل کی تھی۔ ان کی اپیل کو منظور کرتے ہوئے ووٹوں کی گنتی دوبارہ کرائی گئی، جس کے بعد ساجدہ بیگم کو فاتح قراد دیا گیا تاہم پی اے جی ڈی کی امیدوار نے گنتی کے دوران دھاندلی کا الزم لگایا اور کہا کہ گنتی کے دوران ان کے متعدد ووٹ رد کئے گئے۔
انہوں نے ہائی کورٹ میں اس کے خلاف عرضی دائر کی اور مذکورہ سیٹ کو التواء میں رکھا گیا تاہم تیسری بار ووٹوں کی گنتی 7 جون کو لائی گئی جس میں آزاد امیدوار ساجدہ بیگم کو کامیاب قرار دیا گیا۔ فاتح امیدوار ساجدہ بیگم نے اپنی کامیابی پر مٹھائیاں بانٹی اور ان کے مداحوں نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے جشن منایا۔ ساجدہ کے شوہر ہارون چودھری نے کہا کہ وہ اس قدم پر عدلیہ اور سرکار کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ علاقہ کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنی اہلیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:
Ram Nath Kovind's Jammu Visit: صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند جموں پہنچے
ادھر خالدہ بی بی کے شوہر چوھدری گلزار کھٹانہ نے کہا کہ انہیں پہلے ہی خدشہ تھا کہ ری کونٹنگ میں ان کے خلاف فیصلہ آئے گا اور انہیں اس پر اطمینان نہیں تھا، اسی لیے انہوں نے کاونٹنگ ہال جانے سے بائیکاٹ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے مداحوں کے ساتھ مشورہ کرتے ہوئے عدالت سے دوبارہ رجوع ہونے سے متعلق فیصلہ کریں گے۔