پہلگام (جموں و کشمیر): یکم جولائی سے امرناتھ یاترا جاری ہے۔ حکومت اور سکیورٹی ایجنسیز کی جانب سے دیگر انتظامات کے ساتھ ساتھ یاتریوں کے لیے لنگر کا اہتمام کرنے والے افراد کا ایک کلیدی کردار رہتا ہے۔ یاتریوں کی خدمت کا جذبہ رکھنے والے لوگ یاترا شروع ہونے سے قبل ہی مختلف پڑاؤ اور بیس کیمپس میں لنگر کی تیاری کرتے ہیں تاکہ یاتریوں کو معقول اور صاف و شفاف کھانے پینے کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
لنگروں کے لیے سرکار کی جانب سے پہلے ہی مینو جاری کیا جاتا ہے اور لنگر مالکان کو اُسی حساب سے یاتریوں کو کھانا پیش کرنے کی ہدایت دی جاتی ہے جس میں تیل، گھی، جنک فوڈ، فاسٹ فوڈ، تلی ہوئی اشیاء پر پابندی عائد ہوتی ہے تاکہ یاتریوں کی صحت کا خاص خیال رکھا جا سکے۔ ریاست اترپردیش کے لکھنؤ سے تعلق رکھنے والے منوج کمار نام کے ایک رضا کار گذشتہ 11 برسوں سے پہلگام میں یاتریوں کے لیے لنگر کا اہتمام کرتے آ رہے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے منوج کمار نے کہا کہ وہ روزانہ 5 سے 6 ہزار یاتریوں کو صبح سے شام تک کھانا فراہم کرتے ہیں۔ لنگر کو چلانے میں انہیں ہر سال تقریبا 30 سے 40 لاکھ روپے کا خرچہ آتا ہے۔ منوج کمار کا کہنا ہے کہ ان کے والد نے انہیں یہ نیک کام کرنے کے لئے نصیحت کی تھی جس کے بعد انہوں نے یہ پہل شروع کی اور اس کام کو احسن طریقے سے انجام دینے میں اس کے لئے کئی ساتھی ان کی مدد کرتے ہیں۔ منوج کمار نہ صرف یاتریوں بلکہ سیر و تفریح پر آنے والے سیلانیوں کو بھی مفت کھانا فراہم کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: Amarnath Yatra گوری شنکر مندر میں یاتری بھگوان شیو کی مستی میں جھوم اٹھے
منوج کمار نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ ’’لنگر اور یاترا چلانے میں ہر ایک کا تعاون ناگزیر ہے۔ اس لئے اس میں مقامی مسلم طبقہ کا بھی خصوصی تعاون رہتا ہے، ان کے تعاون کے بغیر اتنا بڑا کام کرنا مشکل ہے۔‘‘ لنگر میں کھانا کھانے والے یاتریوں کا کہنا ہے کہ ’’لنگر کا اہتمام کرنے والے منوج کمار جیسے لوگ فرشتہ صفت انسان ہیں، نیکی اور خدمت خلق کا جذبہ انہیں یہ نیک کام کرنے پر ابھارتا ہے اور یہ یاتریوں کو مفت کھانا کھلاتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ لنگروں میں یاتریوں کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے انہیں موزوں اور مقوی غذا فراہم کی جا رہی ہے اور وہ یہاں گھر کے جیسے کھانے کی لذت کو محسوس کر رہے ہیں۔ یاتریوں کا کہنا ہے کہ ’’جموں سے لیکر امرناتھ گپھا تک درجنوں لنگر امرناتھ یاتریوں کی خدمت کے لئے پیش پیش رہتے ہیں۔‘‘ انہوں نے دیگر انتظامات کے لئے سرکار کا بھی شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: Congress Leader on Yatra Security یاترا کے دوان سکیورٹی کے نام پر وسیلۂ روزگار چھینا جا رہا ہے، کانگریس