اننت ناگ (جمون و کشمیر): ضلع اننت ناگ کے حلقۂ انتخاب کوکرناگ میں پسماندہ اور پہاڑی علاقہ اہلن بالا میں انتظامیہ کی جانب سے عوامی دربار کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ عوامی دربار میں درجنوں مقامی باشندوں نے شرکت کی، جس میں خاص طور پر گجر طبقے سے وابستہ افراد نے اپنی حاضری کو یقینی بنایا اور اپنے مطالبات حکام تک پہنچاکر انہیں حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ کوکرناگ قصبہ سے وابستہ کئی افسران نے پبلک دربار میں شمولیت کی جن میں اے ڈی سی اننت ناگ، گلزار احمد، ڈی ڈی سی چیرمین اننت ناگ محمد یوسف گورسی، ڈی ڈی سی ویری ناگ پیر شہباز، ایس ڈی ایم کوکرناگ، تحصیلدار کوکرناگ، ڈی ایف او اننت ناگ، ڈی ڈی سی کوکرناگ منیرہ اختر، بی ڈی سی کوکرناگ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
عوامی دربار کے موقع پر عہدیداروں نے عوام سے خطاب کیا اور ان کے مسائل کو دور کرنے کی یقین دہانی کی۔ خطاب کے دوران مقررین نے حاضرین کو یقین دلایا کہ عوام کو راحت پہنچانے کے لئے وہ ہمیشہ پیش پیش رہیں گے۔ دربار میں آئے لوگوں نے بھی اپنی مشکلات انتظامیہ کے سامنے رکھیں، جن میں خاص طور پر انہوں نے وائلو، سنگ پورہ ٹنل کی تعمیر کے دوران ورکرز یا مزدور درکار ہونے کی صورت میں مقامی باشندوں کو ترجیح دینے کا مطالبہ بھی شامل تھا تاکہ علاقے کے غریب لوگوں کو روزگار مہیا ہو سکے۔ علاوہ ازیں لوگوں نے علاقے میں بجلی، پانی اور سڑک سمیت دیگر بنیادی سہولیات کے فقدان کے بارے میں بھی حکام کو آگاہ کیا۔ مقامی باشندوں نے سڑکوں کی مرمت، پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے جانے کے علاوہ بجلی بلوں میں رعایت کا بھی مطالبہ کیا۔
مزید پڑھیں: DC Pulwama Chairs Public Darbar ڈی سی پلوامہ نے کی ترال میں عوامی دربار کی صدارت
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایک مقامی باشندے نے کہا: ’’علاقے میں زیادہ سے زیادہ چھ ماہ تک بجلی سپلائی کی جاتی ہے جبکہ سردیوں خاص کر برفباری کے ایام میں بجلی کا نام و نشان نہیں ہوتا، اس کے باوجود لوگوں سے ماہانہ بجلی فیس وصول کیا جاتا ہے۔‘‘ عوامی شکایات کو افسران نے بغور سننے کے بعد لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کی سبھی جائز مانگوں کو پورا کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے اور آنے والے دنوں میں لوگوں کو درپیش مسائل کا ازالہ کرنے کے لیے پوری کوششیں کی جائیں گی۔