ایمانداری، انسانیت نوازی اور بھائی چارے کی مثالیں آئے روز خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں۔ وہیں حالیہ دنوں شہرہ آفاق سیاحتی مقام پہلگام میں ایک گھوڑے بان نے ایک غیر مقامی سیاح کا لاکھوں روپے مالیت کا کنگن واپس لوٹا کر انسانیت و ایمانداری کی صدیوں پرانی روایت و مثال کو زندہ رکھا۔
رواں برس اب تک کم از کم تین ایسے واقعات پیش آئے جب کشمیر کی سیر پر آئے سیاحوں کا قیمتی سامان گم ہو گیا جن میں سونے کے کنگن، انگھوٹھیاں اور بریسلیٹ وغیرہ شامل ہیں۔ تاہم کشمیری باشندوں نے انسانیت دودستی اور رواداری کی مثال قائم رکھتے ہوئے یہ قیمتی اشیاء سیاحوں کو واپس لوٹا دیں۔ حال ہی میں جنوبی کشمیر کے پہلگام میں دو گھوڑے بانوں - افروز احمد اور رفیق احمد - نے لاکھوں روپے مالیت کا ایک سونے کا بریسلیٹ راستے میں پڑا ہوا دیکھ کر اسے اصل مالک تک پہنچایا جس نے اسے واپس پانے کی امید ہی کھو دی تھی۔
افروز احمد اور رفیق احمد نے سونے کے بریسلیٹ کے مالک کا پتہ لگا کر 80کلو میٹر کا سفر طے کرکے سرینگر جاکر سیاح کو بریسلیٹ لوٹا دیا۔ انسانیت دوست اور ایمانداری کے جذبے سے متاثر ہوکر سیاح نے سماجی رابطہ گاہ پر ایک ویڈیو بھی جاری کیا جس میں انہوں نے بالخصوص افروز احمد اور رفیق احمد اور بالعموم کشمیری باشندوں کی ایمانداری کی ستائش کی۔
مزید پڑھیں: پہلگام: سیاح ہندو خاتون کی آخری رسومات میں مقامی مسلمانوں کا تعاون
وادی کشمیر کے خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لئے ہر سال یہاں لاکھوں کی تعداد میں مقامی، ملکی و غیر ملکی سیاح وارد ہوتے ہیں اور سوشل میڈیا سمیت دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے کشمیری عوام کے متعلق کیے جا رہے پروپیگنڈے کے برعکس حالات کا مشاہدہ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ سال رواں میں جنوبی کشمیر سے تعلق رکھنے والی ایک کمسن لڑکی - روبینہ - نے راجستھان سے آئے ایک سیاح کی تقریبا ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کی سونے کی انگوٹھی واپس لوٹا کر ایمانداری اور انسانیت نوازی کی عمدہ مثال قائم کی۔ وہیں افروز احمد اور رفیق احمد نے انسانیت اور کشمیریت کی مثال کو زندہ رکھتے ہوئے غیر مقامی سیاح کو لاکھوں روپے کا بریسلیٹ لوٹا کر صدیوں پرانی کشمیری روایت و عرف کو برقرار رکھا۔