جموں کشمیر پولیس کی منشیات مخالف کارروائی کے تحت اننت ناگ کے لازى بل علاقے میں ایک شخص کے قبضے سے بھاری مقدار میں کوڈین فاسفیٹ کی بوتلیں برآمد کرنے کا دعوی کیا گیا ہے۔
پولیس پوسٹ جرنل بس سٹینڈ کے انچارج منظور احمد کے مطابق لازی بل علاقے میں کئی روز سے منشیات کے کاروبار کی اطلاع موصول ہو رہی تھی اس سلسلے میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی اور منشیات کا کاروبار کرنے والے افراد کی تلاش شروع کردی گئی۔ اسی دوران آنچی ڈوره اننت ناگ کے مشتاق احمد خان نام کے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مشتاق احمد پیشہ سے ایک آٹو ڈرائیور ہے اور اس کے قبضہ سے بھاری مقدار میں کوڈین فاسفیٹ کی بوتلیں برآمد کی گئی ہیں۔
پولیس کا دعوی ہے کہ مذکورہ شخص لمبے عرصے سے منشیات کے کاروبار میں ملوث ہے اور اننت ناگ پولیس کافی عرصہ سے اس کی تلاش میں تھی۔
پولیس نے ملزم کے خلاف کیس درج کر کے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی ایک مصدقہ اطلاع کی بنا پر عمل میں لائی گئی۔ پولیس نے اس طرح کی کاروائیوں کو انجام دینے کی غرض سے عوام سے تعاون طلب کیا ہے۔ وہیں، عوامی حلقوں نے پولیس کی اس کارروائی کی کافی ستائش کی ہے۔