ٹیکنیکل ایمپلائز فیڈریشن (محکمہ بجلی) کی جانب سے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں منعقد کیے گئے اجلاس میں بجلی ملازمین کو درپیش مشکلات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس دوران ملازمین نے کہا کہ انہیں محکمہ کی جانب سے صارفین کو خصوصی جانکاری فراہم کرنے کی مہم کے آغاز کی ہدایت دی گئی ہے ’’تاہم ملازمین کو درپیش مشکلات کو اندیکھا کیا جا رہا ہے۔‘‘
ملازمین نے پی ڈی ڈی کے منیجنگ ڈائریکٹر کی جانب سے بجلی کارپوریشن میں ’’سیفٹی ایورنس پروگرام‘‘ کے انعقاد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’حادثات ختم کرنے اور ملازمین کو تحفظ فراہم کرنے کے تئیں ایورنس پروگرام اچھی پہل ہے تاہم منیجنگ ڈائریکٹر سے پر زور گزارش ہے کہ زمینی سطح پر اس کو فعال بنایا جائے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ سیفٹی ٹول کٹس نہ ہونے سے بجلی ملازمین اکثر حادثے کا شکار ہوتے ہے، انہوں نے کہا: ’’المیہ یہ ہے کہ حادثے میں شکار ملازمین پر لاپروائی کا الزام عائد کیا جاتا ہے، جس کی ہم پُر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔‘‘
انہوں نے اعلیٰ حکام سے ملازمین کو سیفٹی ٹول فراہم کرنے کی گزارش کی تاکہ ملازمین خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔