اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے مین بازار، کوکرناگ میں محکمہ بلدیات کے ملازمین کی جانب سے ’’فٹ پاتھ پر قبضہ‘‘ کرنے والے خوانچہ فروشوں کے خلاف کارروائی انجام دی گئی۔ اس دوران اسٹریٹ وینڈرز نے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے کئی خوانچہ فروشوں کا سامان بھی ضبط کیا اور توڑ پھوڑ بھی کی۔ انہوں نے میونسپل عملہ کے اس اقدام کو ’’غریب کُش‘‘ اور غیر جواز عمل قرار دیا۔
کوکرناگ کے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کے نزدیک کئی نوجوان گزشتہ دو تین برسوں سے مختلف اشیاء فروخت کرکے اپنا روزگار کما رہے ہیں۔ اسٹریٹ وینڈرز نے میونسپل کمیٹی کوکرناگ کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین انہیں بے وجہ تنگ کر رہے ہیں۔ خوانچہ فروشوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کوکرناگ کی جانب سے گزشتہ روز اعلان کیا گیا تھا کہ ’’اگلے دن سے کوکرناگ کے ایس ڈی ایچ کے سامنے کوئی بھی چھاپڑی فروش اپنا اسٹال لگانے سے گریز کرے۔‘‘ اسٹریٹ وینڈرز کے مطابق اعلان کے بعد وہ کافی مایوس ہوئے اور آج دوسرے روز محکمہ کے ملازمین نے اسٹریٹ وینڈرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کئی وینڈرز کو اس جگہ سے ہٹایا اور ان کا سامان بھی ضبط کیا۔
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے خوانچہ فروشوں نے کہا: ’’ہم نے بینک سے قرضہ لیکر اپنا روزگار شروع کیا تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم اپنے ساتھ ساتھ اپنے اہل خانہ کے تئیں یہاں محنت مزدوری کرکے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرتے تھے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ وہ پڑھے لکھے نوجوان ہیں اور نوکری نہ ملنے کی وجہ سے خوانچہ فروشی سے اپنا روزگار کما رہے تھے تاہم اب اس پر بھی قدغن عائد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اس ضمن میں نظر ثانی کرنے اور خوانچہ فروشوں کو اپنے اور اہل و عیال کے لیے نان شبینہ کا انتظام کرنے کی اجازت دینے کی گزارش کی ہے۔
مزید پڑھیں: Street Vendors Protest اسٹریٹ وینڈرز کا نوئیڈا اتھارٹی پر مظاہرہ، غیرمعینہ مدت کی ہڑتال
ادھر، میونسپل کمیٹی کوکرناگ کے ایگزیکٹیو آفیسر محمد عرفان نے فون پر ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’’خوانچہ فروشوں کو کسی نے نہیں ہٹایا، البتہ اسٹریٹ وینڈرز صفائی ستھرائی کو لیکر اپنی عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’کوکرناگ ایک سیاحتی مقام ہے جس کو صاف ستھرا رکھنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، تاہم اسٹریٹ وینڈرز اس حوالہ سے زیادہ سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کرتے۔‘‘ انہوں نے اسٹریٹ وینڈرز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سیاحتی مقام کوکرناگ کو صاف ستھرا رکھیں تاکہ یہاں آنے والے سیاح ایک مثبت پیغام لیکر جائیں۔