اننت ناگ (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے لتھرو، عیشمقام علاقہ میں اخروٹ کے درخت سے گر کر ایک شخص کی موت واقع ہو گئی۔ فوت ہونے والے شخص کی شناخت ظفر احمد ڈار کے طور پر ہوئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق بدھ کی دوپہر ظفر احمد ڈار اخروٹ اتارنے کی غرض سے درخت پر چڑھ گیا، جس دوران وہ اپنا توازن کھو بیٹھا اور نیچے گر گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ظفر کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی تھی تاہم لوگوں نے اسے فوری طور پر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں پر تعینات ڈاکٹروں کے مطابق اسپتال پہنچانے سے قبل ہی اس کی موت واقع ہو چکی تھی۔
طبی اور قانونی لوازمات کے بعد ظفر کی میت کو لواحقین کے سپرد کر دیا گیا، جوں ہی اس کی میت آبائی علاقہ پہنچائی گئی تو وہاں پر صف ماتم بچھ گئی اور ظفر کو اپنے آبائی قبرستان میں پُر نم آنکھوں کے ساتھ سپرد لحد کیا گیا۔ اس واقعے کے بعد علاقہ میں غم و ماتم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ظفر تین بچوں کے والد ہیں اور وہ پیشہ سے ایک ٹپر ڈرائیور تھا۔ مقامی لوگوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لواحقین کو معاوضہ فراہم کیا جائے تاکہ ان کا اہل و عیال فاقہ کشی یا گداگری پر مجبور نہ ہو۔
مزید پڑھیں: Man Falls From Walnut Tree ترال میں اخروٹ کے درخت سے گر کر شہری جاں بحق
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں ان دنوں بادام، اخروٹ اور سیب سمیت دیگر میوہ جات درختوں سے اتارنے کا سیزن عروج پر ہے۔ اور گزشتہ برسوں کی طرح رواں برس بھی بادام خصوصاً اخروٹ اتارنے کے دوران متعدد افراد ہلاک جبکہ کئی شدید طور پر زخمی ہو گئے ہیں۔