انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے بلند و بانگ دعوے کیے جا رہے ہیں۔ تاہم بعض مقامات کا مشاہدہ کرنے سے زمینی حقائق اس سے متصادم نظر آ رہے ہیں۔
اس کی ایک مثال جنوبی کشمیر کے کوکرناگ علاقے کے ایک دور افتادہ پہاڑی علاقہ گُگناڈ میں دیکھنے کو مل رہی ہے، جہاں طبی سہولیات کے فقدان کے سبب لوگ گونا گوں مشکلات سے جوجھ رہے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں شدید بیماروں کو چارپائی پر اٹھا کر دئسو لے جانا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً تین کلومیٹر کا پہاڑی راستہ طےکرکے دئسو سے گاڑی میں سوار ہو کر مریض کو کوکرناگ پہنچانا پڑتا ہے۔ جبکہ انکے مطابق اس دوران کئی مریض فوت بھی ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ''برفباری کے ایام میں ان کا گھروں سے باہر نکلنا بھی کافی دشوار ثابت ہوجاتا ہے۔ خراب موسم میں مریضوں کو اسپتال پہنچانا کافی دشوار اور خطرناک بھی ثابت ہو جات ہے۔‘‘
تقریباً ایک سو خاندانوں پر مشتمل گُگناڈ علاقے میں طبی مرکز، ڈسپنسری تو دور ایک نجی کلینک یا دوائی کی دکان بھی موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’علاقے میں سر درد کی گولی ملنا بھی ناممکن ہے۔‘‘
مقامی باشندوں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے علاقے میں طبی سہولیات کے فقدان کے حوالے سے متعدد بار مختلف محکمہ جات سمیت مقامی سیاست دانوں کے دروازے کھٹکھٹائے، تاہم ان کے مطالبے پر کبھی غور نہیں کیا گیا۔
انہوں نے سیاسی جماعتوں اور انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ’’ہر دور میں سیاسی لیڈروں کے ساتھ ساتھ انتظامیہ نے بھی نظر انداز کیا، سیاسی رہنماؤں کی جانب سے لوگوں کے ساتھ کئے ہوئے وعدے کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوئے، فقط ووٹ مانگنے کے لیے سیاسی رہنما یہاں آتے ہیں۔‘‘
ای ٹی وی بھارت نے جب فون پر یہ مسئلہ ضلع اننت ناگ کے چیف میڈیکل آفیسر مختار احمد شاہ کی نوٹس میں لایا تو انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیم عنقریب ہی علاقے کا جائزہ لے گی اور آبادی کے لحاظ سے وہاں پر فسٹ ایڈ میڈیکل سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا، ’’تاکہ علاقے میں رہائش پذیر لوگوں کو طبی سہولیات فراہم ہوں۔‘‘