اننت ناگ: کوکرناگ کے بدہارڈ علاقہ میں بدھ کے روز سڑک حادثہ میں زخمی ہونے والے سات مسافروں میں سے 40 سالہ مبینہ بانو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال فوت ہوگئی، اس حادثہ میں ایک آیورویدک ڈاکٹر کی موقعہ پر ہی موت ہو گئی تھی. ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ بدہارڈ علاقہ میں گزشتہ روز ایک دلدوز سڑک حادثہ پیش آیا تھا، جس دوران سومو مسافر گاڑی سڑک سے پھسل کر پُل سے نیچے نالے میں گر گئی، سومو میں سوار ایک شخص جو پیشہ سے آیورویدک ڈاکٹر تھا جس کی موقعہ پر ہی موت واقع ہوئی تھی، جس کی شناخت مشتاق احمد شاپو کے طور پر ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: Inquiry Against HC Judge Wani ہائی کورٹ کے موجودہ جج جاوید اقبال وانی کے خلاف انکوائری
حادثہ میں دیگر سات مسافر بھی زخمی ہو گئے تھے، جن میں سے دو کی حالت کافی نازک بتائی جا رہی تھی، اگرچہ زخمیوں کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم نازک حالت کو دیکھتے ہوئے دو مسافروں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا، تاہم حالت خراب ہونے کے سبب انہیں بہتر علاج و معالجہ کے لئے سرینگر منتقل کیا گیا. سرینگر کے اسکمز میں زیر علاج رہنے کے بعد کوکرناگ کے ڈیسو علاقہ سے تعلق رکھنے والی مبینہ بانو زوجہ نظیر احمد ڈکہ زندگی کی جنگ ہار گئیں، قریب دو روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد مبینہ بانو نے جمعرات کی صبح اسکمز میں آخری سانس لی.. طبی اور قانونی لوازمات کے بعد مبینہ کی میت کو اس کے آبائی علاقہ پہنچا دیا گیا اور اسے سپرد خاک کیا گیا. اس واردات کے بعد علاقہ میں غم و ماتم کی لہر دوڑ گئی ہے. پولیس نے اس معاملہ کو سنجیدگی سے لیا ہے اور اس کی تحقیقات شروع کی ہے۔