اننت ناگ (جموں کشمیر) : ایودھیا دھام کی جانب سے بھجوائے گئے بھگوان رام کا ایک کلش جنوبی کشمیر کے مٹن، اننت ناگ کے معروف مارٹنڈ سوریہ مندر کے احاطے میں نصب کیا گیا۔ اس موقع پر مارٹنڈ تیرتھ ٹرسٹ کے صدر اشوق کمار سدھا نے بھگوان رام کے کلش کی تنصیب کو ایک عظیم کارنامہ قرار دیا دیتے ہوئے کہا: ’’یہ کلش ایودھیا دھام سے مارٹنڈ مندر کے لئے آیا ہے جوکہ مارٹنڈ مندر کے واسیوں کے لئے خوش قسمتی ہے۔‘‘
قبل ازیں مارٹنڈ سوریہ مندر میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا جس میں اقلیتی فرقے سے تعلق رکھنے والے کشمیری پنڈتوں نے شرکت کی۔ تقریب میں کشمیری پنڈتوں کے ساتھ ساتھ ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے کئی عقیدت مندوں نے بھی حاضری دیکر اس تقریب میں چار چاند لگائے اور اپنے عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مارٹنڈ سوریہ مندر میں قائم رام مندر میں خصوصی پوجا پاٹ اور آرتی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں ملک کی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے صدر، مارٹنڈ تیرتھ ٹرسٹ، اشوک کمار سدھا نے کہا: ’’جس طرح سے ایودھیا دھام والوں نے اس کلش کے لئے مارٹنڈ تیرتھ مندر کو چنا ہے اسکے لئے ہم کافی خوش ہیں، جس کو لیکر ہم ایودھیا دھام کے منتظمین کا شکریا ادا کرتے ہیں اور بھگوان رام سے دعا کرتے ہیں کہ ہندوستان بالخصوص وادی کشمیر میں امن برقرار رکھے۔‘‘
مزید پڑھیں: جنوبی کشمیر کے سوریہ مندر میں سوریہ نمسکار کی تقریب منعقد
انہوں نے مزید کہا کہ مٹن صدیوں سے امن کا گہوارہ رہا ہے کیونکہ یہاں نوے کی دہائی سے لیکر ابھی تک ہندو، مسلم اور سکھ اتحاد قائم و دائم ہے اور یہاں مختلف تہوار بھی آپسی بھائی چارے کے ساتھ منائے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دن بھگوان رام سے دعا کرتے ہیں کہ یہی بھائی چارہ صدیوں تک بنا رہے اور جو کشمیری پنڈت یہاں سے ملک کی مختلف حصوں میں ہجرت کر چکے ہیں وہ واپس کشمیر میں آکر پھر سے آباد ہوں۔ دریں اثناء، سدھا نے کہا کہ 22 جنوری کو مارٹنڈ مندر میں چراغاں ہوگا، ویسے ہی پوجا پاٹ ہوگی جس طرح سے ایودھیا دھام میں ہوگی اور اس دن پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔‘‘