اننت ناگ (جموں کشمیر) : ضلع اننت ناگ کے معروف ادیب قلمکار اور صحافی مرحوم قاسم سجاد کی دوسری برسی کے موقع پر ضلع کے، کے پی روڈ سپرنگس مال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کو قاسم سجاد فاؤنڈیشن، انجمن اردو صحافت جموں کشمیر، محفل فکر و سخن، اننت ناگ ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔
تقریب میں وادی سے تعلق رکھنے والے معروف ادباء، قلم کار اور شعراء سمیت صحافیوں نے شرکت کی۔ شرکاء میں میں زاہد مختار، راجہ یوسف، ریاض مسرور سمیت دیگر معروف شخصیات موجود تھیں۔ جبکہ جسٹس (ریٹائرڈ) بشیر احمد کرمانی اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر موجود رہے۔ اس موقع پر مرحوم قاسم سجاد کو ان کی دوسری برسی کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
مقررین نے مرحوم کی اردو زبان و ادب اور صحافت کے تئیں خدمات پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ ’’قاسم سجاد نہ صرف ایک پُر خلوص سماجی کارکن تھے بلکہ وہ اردو دنیا کی ایک عظیم شخصیت بھی تھے، جنہوں نے قلم اور صحافت کے ذریعے اردو زبان و ادب کی ترقی اور ترویج کے لئے ایک کلیدی کردار ادا کیا ہے جسے کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔‘‘ مقررین نے مزید کہا کہ ’’مرحوم قاسم سجاد کے انتقال کے بعد اردو ادب کی دنیا میں ایک خلا پیدا ہو گیا ہے جسے پورا کرنا کافی مشکل ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: Tribute to journalist Qasim Sajjad: اننت ناگ میں معروف صحافی قاسم سجاد کو خراج عقیدت
تقریب کے دوران مرحوم قاسم سجاد کے اخبار ’’شھاب‘‘ کے ادایہ سے متعلق لکھی گئی کتاب ’’جرس قاسم‘‘ کی رسم اجرائی انجام دی گئی۔ وہیں اردو ادب و صحافت میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد کو اسناد سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ مرحوم قاسم سجاد ضلع اننت ناگ کے آنچی ڈورہ علاقہ سے تعلق رکھنے والے تھے۔ وہ اردو ادب اور صحافت سے وابستہ ایک معروف قلمکار تھے۔ قاسم سجاد نہ صرف قلم کار تھے بلکہ وہ بہترین صحافی بھی رہے ہیں۔ قاسم سجاد ’’شھاب‘‘ نامی ہفتہ روزہ اخبار کے مدیر اعلیٰ تھے جو تین دہائیوں سے زیادہ عرصہ تک شائع ہوا۔ اُس وقت جنوبی کشمیر میں یہ ایک واحد اردو اخبار شائع ہو رہا تھا۔ سجاد قاسم مختصر علالت کے بعد دو برس قبل انتقال کر گئے۔