کوکرناگ: اننت ناگ کوکرناگ کے آڈپورہ علاقہ کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ علاقے میں ڈرینیج نظام خستہ حالی کا شکار ہے۔ اگرچہ گزشتہ سال محکمہ دیہی ترقی نے مذکورہ علاقے میں ڈرینیج سسٹم کا قیام عمل میں لایا تھا۔ تاہم علاقے میں تعمیر شدہ ڈرینج زیادہ دیر تک ٹک نہیں پائے۔ مقامی لوگوں کے مطابق علاقے میں فٹ پاتھ کا کہیں کوئی نام و نشان نہیں جس کی وجہ سے کثیر آبادی کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ Kokernag Residents
مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ گزشتہ سال محکمہ دیہی ترقی نے علاقے میں ڈرینوں کا جال بچھانے کے لیے مذکورہ علاقے میں ڈرینیج نظام کا قیام عمل میں لایا تھا تاہم موسم سرما کے ایام میں تعمیراتی ڈھانچے زیادہ دیر تک نہیں ٹک پائے،کیونکہ تعمیراتی ڈھانچوں میں ناقص مواد استعمال لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی علاقے میں موسلادھار بارش ہوتی ہے تو مذکورہ ڈرینیج سے بہنے والا گندہ پانی ان کے صحن میں داخل ہوجاتا ہے، جس سے انہیں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مقامی لوگوں نے کہا کہ ایک جانب اگرچہ مرکزی حکومت کی مختلف اسکیموں کے ذریعے دیہی علاقوں میں تعمیر و ترقی کے بلند بانگ دعوے کیے جاتے ہیں، تو وہی دوسری جانب ان اسکیموں کے لیے مختص رکھے ہوئے رقومات تعمیراتی ڈھانچوں پر پوری طرح سے عملائے نہیں جاتے۔
مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ محکمہ دیہی ترقی کے ساگام بلاک میں بدعنوانیاں عروج پر ہیں۔ لوگوں نے الزامات دہراتے ہوئے کہا کہ محکمے کو تعمیراتی کاموں میں کوئی دلچسپی نہیں بلکہ مذکورہ محکمہ خود کی جیبوں کو بھرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی علاقے میں کوئی بھی تعمیراتی کام کیا جاتا ہے، تو وہ تعمیراتی کام بار بار ہونے کے بجائے ایک ہی بار میں ہونا چاہیے، تاکہ آئندہ مالی سال میں دیہی علاقوں میں اُن کاموں کو چھوڑ کر دوسرے تعمیراتی ڈھانچے تعمیر کئے جائے تاکہ مذکورہ علاقوں میں مزید ترقی ہوگی۔
مزید پڑھیں:
ای ٹی وی بھارت نےیہ معاملہ محکمہ دیہی ترقی کے بلاک ڈیولپمینٹ آفیسر شاہد سلطان ڈار کی نوٹس میں لانا چاہا تاہم بی ڈی او اپنے دفتر میں موجود نہیں تھے اور جب نمائندے نے مذکورہ افسر سے فون پر رابطہ کرنا چاہا تو مذکورہ آفیسر کا موبائل نمبر بند آرہا تھا۔ وہیں آڈپورہ کے لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ مذکورہ علاقے میں ڈرینیج نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ علاقے میں فٹ پاتھوں کے قیام کی عمل آوری کو یقینی بنایا جائے، تاکہ مقامی لوگوں کو پیش آنے والے مسائل سے نجات مل سکے۔