جنوبی ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب کوکرناگ کے پتی وتناڑ کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ مذکورہ علاقے کے سینکڑوں افراد کو محکمہ مال کے کسی بھی کام کے لیے تقریباً 40 کلومیٹر دور ماگم جانا پڑتا ہے، جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کا آنے جانے میں کافی وقت ضائع ہو جاتا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ یہ بات سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ہمیں ماگم علاقے کے ساتھ کن وجوہات کی بنا پر منسلک رکھا گیا ہے، جبکہ ماگم اور پتی وتناڑ کے بیچ میں تقریباً 40 کلومیٹر کا فاصلہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ انہیں وہاں تک تین مسافر گاڑیوں کو بدلنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں پہنچنے کے بعد اگر دفتر میں پٹواری موجود ہوگا تو ہی ان کا دفتری کام ممکن ہو پائے گا، اگر آفیسر دفتر میں موجود نہیں ہوتا تو یہ سلسلہ یوں ہی کئی دنوں تک جاری رہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اننت ناگ: نقب زنوں نے ہسپتال کی املاک کو نقصان پہنچایا
لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی بار یہ معاملہ انتظامیہ کی نوٹس میں لایا، تاہم انتظامیہ آج تک بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کے مسائل جوں کے توں بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے اور ضلع کے ترقیاتی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے اس دیرینہ مطالبے پر غور کیا جائے، تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔