اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں بھی دیگر اضلاع کی طرح ڈیجیٹل ویک کا رسمی طور افتتاح کیا گیا۔ اسپورٹس اسٹیڈیم، اننت ناگ، میں ڈیجیٹل ہفتہ کی نسبت سے منعقدہ تقریب میں عوام و اہلکاروں نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ اس تقریب کا مقصد ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے تبدیلی کے اثرات اور بھارت کے مستقبل کی تشکیل میں ان کے کردار کو اجاگر کرنا اور عوام کو اس بارے میں آگاہ کرنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر اننت ناگ سید فخر الدین حامد نے ڈیجیٹل ویک کا افتتاح کرتے ہوئے خطاب کے دوران ڈیجیٹل ویک کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ہر شہری کو بااختیار بنانے میں ڈیجیٹل شمولیت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے فوائد کو قصبہ جات سمیت دیہی علاقوں تک پہنچانے کے حکومتی عزم کو اجاگر کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے افسران، پی آر آئی ممبران سمیت طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں: Digital week 2023: وسطی کشمیر میں ڈیجیٹل ویک2023 کی تقریبات کا آغاز
اس موقع پر ای گورننس کے اقدامات سے لے کر سمارٹ ایگریکلچر اور ہیلتھ کیئر سولیوشنز تک عوام کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مستفید ہونے کی اپیل کی گئی۔ ڈی سی نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’اننت ناگ میں بھی ڈیجیٹل ہفتہ کی نسبت سے پروگرامز کا آغاز کیا گیا۔ ہفتہ بھر جاری رہنے والے پروگرام کے دوران عوام کو مختلف محکمہ جات کی جانب سے شروع کی گئی آن لائن خدمات کے بارے میں نہ آگاہ کیا جائے گا بلکہ ان خدمات سے مستفید ہونے کے طریقہ کار بھی سکھائے جائیں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال نہ صرف عوام کو راحت پہنچے گی، ان کا وقت بچے گا بلکہ اس سے نظام میں شفافیت آئے گی۔ دریں اثناء، افتتاحی تقریب کے موقع پر مختلف اسکولوں سے آئے طلبہ نے رنگارنگ پروگرام پیش کئے۔