اننت ناگ کے کھنڈرو کے تقریبا 200 مقامی بچوں اور اساتذہ کو ضروری دوائیں اور طبی سامان تقسیم کرکے کووڈ-19 کے بارے میں احتیاطی تدابیر سے روشناس کیا گیا۔ تقریب کے انعقاد کے دوران ہر طالب علم کے لیے این-95 ماسک، عمدہ سرجیکل ماسک، سینیٹائزرز، وٹامن سی کی گولیاں وغیرہ سمیت دوائیں تقسیم کی گئیں۔ بھارتی فوج کے زیر اہتمام صحت سے متعلق آگاہی پروگرام میں مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وہیں، دوسری جانب اسکولی بچوں میں کافی جوش دیکھنے کو ملا۔ بچوں کے مطابق اسکول کھلنے سے پہلے ہی فوج کی جانب سے فراہم کیے گئے سامان اسکول کے اوقات میں کافی کار آمد ثابت ہونگے۔
اس موقع پر بھارتی فوج کے عہدیداروں نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ مستقبل میں بھی مقامی آبادی کی حقیقی ضروریات کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
واضح رہے کووڈ-19 کی وبا کے بعد اگرچہ ہائی اسکول اور مڈل اسکول میں تدریسی عمل شروع ہو چکا ہے۔ تاہم آنے والے دنوں میں پرائمری اسکولوں میں بھی درس و تدریس کا عمل شروع ہو جائے گا۔