اننت ناگ: جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے دوردراز گڈول علاقے میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ اس دوران حفاظتی اہلکاروں کی جانب سے گھر گھر تلاشی کارروائی کی جا رہی ہے۔
ذرائع سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ سکیورٹی فورسز کو جمعرات کے روز کوکرناگ کے گڈول علاقہ میں ایک مخصوص اطلاع ملی کہ مذکورہ علاقے میں عسکریت پسند چھپے ہوئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی جموں و کشمیر پولیس ،فوج اور نیم فوجی اہلکاروں نے گڈول علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور گھر گھر تلاشی مہم شروع کی۔ اس دوران علاقے کی طرف جانے والے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو خار دار تار سے سیل کر دیا ہے، جبکہ علاقے میں داخل ہونے والے افراد سے بھی پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مذکورہ علاقے میں عسکریت پسندوں کی تلاش بڑے پیمانے پر جاری ہے۔
مزید پڑھیں: Pulwama Encounter Update پلوامہ انکاؤنٹر، عسکریت پسند فرار، ایک سکیورٹی اہلکار زخمی
واضح رہے کہ چند روز قبل گڈول علاقہ میں تلاشی مہم کے دوران گرینیڈ دھماکے میں فوجی اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہوئے تھے، جنہیں علاج معالجہ کی غرض سے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں پر زخمی شدہ افراد کا علاج کیا گیا۔ گڈول کا علاقہ وادی کشمیر کو کشتواڑ ضلع کے ساتھ ملاتا ہے۔ یہ پہاڑی علاقہ ماضی میں عسکریت پسندوں اور سرکاری فورسز کے درمیان تسادموں کی وجہ سے سرخیوں میں رہا ہے۔ پیر پنچال پہاڑیوں میں گھرا یہ علاقہ قدرتی خوبصورتی کیلئے کافی مشہور ہے۔