اننت ناگ: بی جے پی جموں کشمیر کے نائب صدر صوفی محمد یوسف نے وادی میں ہو رہی غیر ریاستی باشندوں کی ہلاکت کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی حرکتوں سے باز نہیں آرہا ہے۔صوفی نے کہا دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد وادی میں امن و سکون لوٹ رہا ہے اور جموں وکشمیر ترقی کی جانب گامزن ہو رہی ہے جو پاکستان کو راس نہیں آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وادی میں امن و امان نہیں چاہتا ہے اس لیے پاکستان یہاں حالات کو بگاڑنے کی کوشش کر رہا ہے ،جسے ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
صوفی نے کہا کہ پاکستان ایک غیر جمہوری ملک ہے جس ملک میں اپنے وزیر اعظم کا کوئی وقار نہیں وہ اپنے پڑوسی ملک کا بھلا ہرگز نہیں چاہیے گا،اس لیے پاکستان بھارت میں بھی اُسی طرح کا ماحول دیکھنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد وادی میں حالات بہتر ہوئے ہیں۔آج کہیں پر پتھر بازی نہیں ہو رہی ہے،کراس فائرنگ میں عام شہری نہیں مر رہے ہیں ،ہڑتالیں نہیں ہو رہی ہیں،علیحدگی پسندوں کی جانب سے کیلنڈرس نہیں نکل رہے ہیں،یہی وجہ ہے کہ جموں کشمیر کی عوام آج خوش ہے اور سب لوگ اپنے معمول کے کام کاج میں مصروف ہیں۔
شوپیاں اور اننت ناگ میں حالیہ دنوں غیر ریاستی مزدوروں پر حملہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے صوفی یوسف نے کہا کہ پاکستان کے اشاروں پر کام کرنے والے امن دشمن عناصر کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور سکیورٹی فورسز کی جانب سے بے گناہ کے قتل میں ملوث افراد کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
مزید پڑھیں: Anantnag Militant Attack اننت ناگ، عسکریت پسندوں کے حملے میں دو غیر ریاستی مزدور زخمی
واخح رہے کہ 18 جولائی دیر شام جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں عسکریت پسندوں نے غیر مقامی مزدوروں پر فائرنگ کی۔ اس حملے میں دو مزدور زخمی ہوگئے۔ زخمی مزدوروں کی شناخت 20 سالہ اکشے ولد کانتا اور 20 سالہ سورو ولد پردیپ کے طور پر کی گئی ہے۔ دونوں مہاراشٹر کے سانگلی کے رہنے والے ہیں۔ وہیں اندازہ لگایا جا رہا ہے حملہ آور رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔