ضلع اننت ناگ میں مہنگے داموں اینٹ فروخت کرنے کی شکایت موصول ہونے پر انتظامیہ نے اچھہ بل کے مختلف مقامات میں اینٹ کے بٹھوں کو سربمہر کیا۔
ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ سٹیٹ ٹیکس آفیسر، فوڈ اینڈ سپلائز اننت ناگ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے ضلع ترقیاتی کمشنر کی ہدایت پرکئی اینٹ بٹھوں کا معائنہ کیا۔
معائنہ کے دوران انہوں نے سرکار کی جانب سے مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمت پر اینٹ فروخت کرنے کی پاداش میں کئی بھٹہ خشت مالکان سے جرمانہ وصول کیا۔ وہیں اس دوران انہوں نے کئی بھٹوں کو بھی سربمہر کر دیا۔
آفیسران نے کہا کہ ضلع میں درجہ اول کی اینٹوں (3000) کی قیمت 21ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، تاہم ضلع بھر سے مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمت وصول کیے جانے کے بعد اینٹ بھٹوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھٹہ مالکان کے کاغذات اور ضروری دستاویز بھی چیک کیے جا رہے ہیں۔ بغیر اجازت نامہ اور ضروری دستاویز کام کر رہے اینٹ بھٹوں کو سیل کیا جائے گا۔ آفیسران نے مستقبل میں بھی کارروائی جاری رکھنے کا عندیہ دیا۔