ضلع اننت ناگ کے مہندی کدل کے مقام پر اشاجی پورہ بائی پاس سڑک کے کنارے میونسپل کمیٹی کی جانب سے اننت ناگ شہر کا سارا کوڑا کرکٹ جمع کیا جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے نہ صرف راہگیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ وہاں سے بہہ رہے آرپتھ دریا کا پانی بھی آلودہ ہو رہا ہے۔
وہیں مذکورہ ڈمپنگ سائٹ کے قریب اسپورٹس اسٹیڈیم بھی موجود ہے۔ نتیجتاً اسٹیڈیم میں کھیل رہے نوجوانوں اور راہگیروں کو کوڑا کرکٹ کے انبار سے خارج ہونے والی بدبو سے کافی دقت ہو رہی ہے۔
ڈمپنگ سائٹ پر موجود آوارہ کتوں کے کاٹنے کا بھی خدشہ رہتا ہے۔ لوگ مذکورہ مقام سے گزرتے وقت خوف محسوس کرتے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کئی بار حکام سے ڈمپنگ سائیٹ کو شہر سے باہر کسی اور مقام پر منتقل کرنے کی اپیل بھی کی۔ تاہم ’’حکام ٹس سے مس نہیں ہو رہے۔‘‘
مقامی آبادی نے انتظامیہ سے ڈمپنگ سائٹ کو دوسری جگہ منتقل کرنے کی اپیل کی ہے۔