ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ علاقے میں قائم باٹنیکل گارڈن میں فوج کی 19راشٹریہ رائفلز نے ’’حبہ خاتون‘‘ نامی ایک مقامی غیر سرکاری تنظیم (این جی او) کے اشتراک سے موسیقی پروگرام کا انعقاد کیا جس میں فوجی افسران اور اہلکاروں کے علاوہ سیاحوں اور مقامی باشندوں نے شرکت کی۔
منتظمین کے مطابق موسیقی پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو منشیات کی لت سے دور رکھنے اور انہیں دیگر تفریحی پروگرامز سے محظوظ کرانے کے علاوہ آرٹسٹ نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرانا ہے۔
موسیقی پروگرام میں مقامی گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے منتظمین نے کہا کہ ’’وادی کشمیر میں منشیات کے بڑھتے رجحان کے سبب نوجوانوں سمیت بچے بھی نشے کی لت میں پھنستے چلے جا رہے ہیں۔ ہماری یہی کوشش رہتی ہے کہ مختلف اقسام کے تفریحی اور آگہی پروگرامز کا انعقاد کرکے نوجوان نسل کو نشے کی لت سے دور رکھا جا سکے۔‘‘
مزید پڑھیں: اننت ناگ: ڈاٹی ناگ چشمہ تباہی کے دہانے پر
فوجی افسران نے کہا کہ وادی کشمیر میں ہنر مند نوجوانوں کی کمی نہیں ہے، تاہم اس ہنر کو ایک جہت اور پلیٹ فارم مہیا کرانے کی غرض سے اس طرح کے پروگرامز کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے پروگرامز سے نہ صرف نوجوان بری عادتوں سے دور رہتے ہیں بلکہ انہیں ایک بہتر پلیٹ فارم بھی مہیا ہوتا ہے، اسکے ساتھ ساتھ عوام اور جوان کے مابین تال میل اور تعلق مضبوط ہوکر دوریاں ختم ہو جاتی ہیں۔