اننت ناگ: ضلع اننت ناگ کے مختلف بازاروں میں کئی ہفتوں سے مسلسل مندی کا ماحول ہے، جس کی وجہ سے تاجر سمیت چھوڑے دکاندار پریشان ہیں۔ان دنوں اننت ناگ کے مرکزی بازار لال چوک اور اس کے متصل چینی چوک ،ریشی بازار سمیت کئی گنجان بازاروں میں خریداروں کی قلیل تعداد دیکھنے کو مل رہی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ رواں سیزن میں یہاں کے بازاروں میں کافی گہما گہمی ہوتی تھی، تاہم رواں برس بازار مندی کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بازاروں میں موجود بیشتر خریدار سستا سامان خریدنے کے چکر میں دکانوں کے بجائے ریڑھی والوں سے خریداری کو ترجیح دے رہے ہیں،جس سے یہ یقینی طور پر ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کی بیشتر آبادی کسان (زمیندار) طبقہ سے وابستہ ہے،اُن میں سے ایک بڑی آبادی فروٹ صنعت سے منسلک ہے،ظاہری طور پر یہاں کی معیشت کو تقویت دینے میں اس صنعت کا ایک اہم کردار ہے،تاہم گزشتہ برس سیب کے کاشتکاروں کو معقول قیمتیں نہ ملنے کی وجہ سے کاشتکار مالی مشکلات سے جونجھ رہے ہیں۔وہیں ملازمین کو وقت پر تنخواہیں واگزار نہ ہونے، ٹھیکیداروں کی بلیں طویل وقت سے التواء میں رہنے سے اُس کا براہ راست اثر مارکیٹس پر پڑا ہے۔
مزید پڑھیں: Farmers Trouble Impacts on Markets کسانوں کی زبوں حالی سے مارکیٹ پر منفی اثرات مرتب
دکانداروں کا مزید کہنا ہے کہ کووڈ 19 لاک ڈاون کے اثرات بھی آج نمایاں ہو رہے ہیں،کیونکہ جموں کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی سے لیکر کووڈ لاک ڈاؤن سمیت مسلسل تین برس تک تمام سرگرمیاں ٹھپ رہنے سے لوگ ابھی بھی اس دوران ہوئے نقصانات کی بھر پائی نہیں کر پا رہے ہیں،یہی وجہ ہے کہ لوگ کم خرچہ پر اپنا گزارہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ ان کا کاروبار لوگوں خاص کر زمیندار طبقہ پر منحصر ہے ،تاہم خریداری نہ ہونے کی وجہ سے دکاندار ذہنی کوفت کا شکار ہوئے ہیں اور دکانداروں بینک قرضہ جات کے قساط ادا کرنے اور دیگر اخراجات کو پورا کرنے سے قاصر ہیں۔