اننت ناگ: جنوبی کشمیر میں لارنو، کوکرناگ سے تعلق رکھنے والے باشندوں نے محکمہ جل شکتی کے خلاف تحصیل دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ Protest Against Jal Shakti in larnoo Kokernag احتجاج میں شامل لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 'محکمہ جل شکتی نے علاقے کے لیے کئی برس قبل پینے کے صاف پانی کی ایک اسکیم کو منظوری دی تھی۔ اسکیم کو مکمل کیے ہوئے کئی برس گزر جانے کے بعد بھی لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم نہیں کیا جا رہا ہے۔'
احتجاجیوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے مقامی باشندون کے دیرینہ مطالبے پر غور کرکے ایک اسکیم کو منظوری دی تھی۔ ان کے مطابق اسکیم پر عمل بھی کیا گیا اور اسے مکمل بھی کر لیا گیا تاہم مین پائپ لائن میں محض ایک کنکشن کے لیے گزشتہ تین ماہ سے محکمہ جل شکتی عدم دلچسپی کا مظاہرہ کر رہا ہے، جس کے سبب لوگ پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں اور آئے روز احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 'ہم گزشتہ تین ماہ سے لگاتار محکمہ جل شکتی کے دفتر کے چکر کاٹ رہے ہیں تاہم ابھی تک لوگوں کے دیرینہ مطالبے پر غور نہیں کیا جا رہا جس کے باعث لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کا سامنا ہے۔' انہوں نے انتظامیہ سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ پانی کے حوالے سے ان کے دیرینہ مطالبے پر غور کیا جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔