ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں پیٹھ نمبل علاقے کی رابطہ سڑک کی خستہ حالت پر مقامی باشندوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ سڑک کی خستہ حالی کے سبب انہیں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، رابطہ سڑک اور بیرون گلی کوچوں کی حالت اس قدر خستہ ہو چکی ہے کہ یہاں سے گاڑیوں کا گزرنا تقریبا ناممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی خصوصا بیمار اور حاملہ خواتین کو اسپتال پہنچانے میں انہیں کافی دقتیں پیش آتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ علیل بیماروں کو خستہ حال سڑک کے باعث کندھوں پر اٹھا کر مین مارکیٹ تک پہنچانا پڑتا ہے، کیونکہ انکے مطابق خستہ حال رابطہ سڑک پر گاڑیوں کا چلنا نا ممکن ہو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے سڑک کی تعمیر و مرمت کا کام شروع کیا گیا جسے نامعلوم وجوہات کی بنا پر ادھورا چھوڑ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے انہوں نے کئی بار متعلقہ حکام سے رجوع کیا تاہم انکے مطابق لوگوں کو یقین دہانیوں کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔
مزید پڑھیں: سڑک کی کشادگی کی زد میں آئی زمین کا معاضہ فراہم کرنے کا مطالبہ
خستہ حال سڑک پر جگہ جگہ بڑے اور گہرے گڑھے بن گئے ہیں جبکہ ڈرینیج کے ناقص نظام کے سبب لوگوں کو عبور و مرور میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس ضمن میں ای ٹی وی بھارت کے نمائدے نے فون پر محکمہ دیہی و ترقی کی بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر سے رابطہ قائم کیا تو انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وی ایل ڈبلیو (VLW) سے جلد ہی جانکاری حاصل کرکے رابطہ سڑک کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے خواطر خواہ اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔