ضلع مجسٹریٹ اننت ناگ کے کے سدھا کی جانب سے ایک حکمنامہ جاری کیا گیا ہے جس کے تحت اننت ناگ میں ایک نرسنگ ہوم اور دو ٹیسٹنگ لیبارٹریز کو بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
گزشتہ کئی روز کے دوران ضلع میں متعدد حاملہ خواتین کورونا وائرس کی زد میں آئی ہیں۔ آئے روز ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جائزہ لینے کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ مثبت مریضوں میں بیشتر خواتین مذکورہ طبی مراکز میں اپنا معائنہ کرانے کے لئے گئیں تھیں۔
جن طبی مراکز کو بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے ان میں 'الحیات نرسنگ ہوم' جنگلات منڈی اننت ناگ، 'گُتو ڈائیگناسٹکس' بجبہاڑہ، 'بسم اللہ ڈائگناسٹک سینٹر'مٹن شامل ہیں۔
طبی مراکز کے مالکان کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے ملازمین کی فہرست متعلقہ بلاک میڈیکل افسران کو سونپ دیں تاکہ ان کی جانچ کی جائے۔
وہیں متعلقہ تحصیلداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ مذکورہ نرسنگ ہوم اور ٹیسٹنگ لیبارٹریز کو فوری طور بند کریں۔