پہلگام (جموں و کشمیر) : وادیٔ کشمیر میں امرناتھ یاترا جوش و خروش اور مذہبی عقیدت سے جاری ہے اور اب تک مقدس گپھا میں شیو لنگم کے درشن کرنے والے یاتریوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ پہلگام کے نن ون یاترا بیس کیمپ اور بال تل سے آج یاتریوں کا پانچواں جتھا امرناتھ گپھا میں بابا برفانی کے درشن کے لیے روانہ ہوا تاہم بارش کی وجہ سے یاتریوں کو صبح کے اوقات میں بیس کیمپ میں ہی روکا گیا۔ بعد ازاں موسم میں بہتری کے بعد یاتریوں کو آگے روانہ کیا گیا۔ تاہم کچھ دیر بعد پھر سے بارش کے سبب یاترا معطل کر دی گئی۔
یاتریوں میں کافی جوش دیکھنے کو مل رہا ہے اور ان کی کواہش ہے کہ جلد از جلد بابا برفانی کے درشن ہو جائیں۔ یاتریوں نے ضلع انتظامیہ سمیت مقامی باشندوں، رضاکاروں، سیکورٹی اہلکاروں کی ستائش کرتے ہوئے کہا: ’’اس سال یاتریوں کے لئے ہر پڑاؤ پر خاطر خواہ اور فقید المثال انتظامات کیے گئے ہیں۔‘‘ یاتریوں نے امید ظاہر کی کہ ’’بابا برفانی سبھی یاتریوں کی دعائیں قبول کریں گے اور یاترا کو آسان بنانے کے لئے ہر مشکل کو دور کریں گے۔‘‘ جنوبی کشمیر کے پہلگام یاتری بیس کیمپ میں سینکڑوں یاتری موسم کی بہتری کے منتظر ہیں۔ یاتریوں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’قدرت کے آگے انسان بے بس ہے، موسمی خرابی کے پیش نظر یاترا کو معطل کرنا یاتریوں کی بھلائی کے لئے اٹھایا گیا اقدام ہے۔‘‘
یاتریوں نے کہا: ’’انتظامیہ کی جانب سے یاتریوں کے لئے فقید المثال انتظامات کیے گئے ہیں، تاہم موسم کی خرابی کے آگے انتظامیہ بھی بے بس ہیں۔‘‘ یاتریوں کے مطابق: ’’شاید آج برفانی بابا کی خواہش نہیں کہ ان کے درشن ہوں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ موسم جلد بہتر ہو اور یاترا پھر سے بحال ہو سکے۔‘‘
مزید پڑھیں: Amarnath Yatra گوری شنکر مندر میں یاتری بھگوان شیو کی مستی میں جھوم اٹھے