سرینگر: جنوبی کشمیر کے ہمالیہ پہاڑوں میں 3 ہزار 8 سو 80 میٹر کی بلندیوں پر واقع امرناتھ جی مندر کی یاترا کے لئے اب تک نہ صرف ریکارڈ تعداد میں یاتریوں نے گپھا کا درشن کیا ہے بلکہ سال گزشتہ کے یاتریوں کی کل تعداد کو بھی یاترا کے پہلے ہی ایکمہینے سے بھی کم مدت میں پچھاڑ دیا ہے۔
ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ یکم جولائی سے شروع ہونے والی اس یاترا کے دوران اب تک 3 لاکھ 70 ہزار یاتریوں نے گھپا کا درشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعداد سال گزشتہ کے یاتریوں کی کُل تعداد سے بھی تجاوز کر گئی۔ان کا کہنا تھا کہ سال گزشتہ اس سالانہ یاترا کے دوران کل 3 لاکھ 65 ہزار یاتریوں نے ہی گپھا کا درشن کیا تھا۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ جمعہ کے روز 9 ہزار 1 سو 50 یاتریوں نے گپھا کا درشن کیا جس کے ساتھ یہ تعداد 3 لاکھ 69 ہزار 2 سو 88 یاتریوں تک پہنچ گئی۔ انہوں نے کہا کہ امسال جہاں اس یاترا میں غیر ملکی یاتریوں نے حصہ لیا وہیں زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ نامور شخصیات جیسے معروف بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال اور بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان نے بھی گپھا کا درشن کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 'یاتریوں کا یہ متنوع اجتماع امرناتھ یاترا کی عالمگیر اپیل کے ثبوت کے بطور کام کرتا ہے اور دنیا کے گوشہ و کنار کے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کے منظم اہتمام نے یاتریوں میں سکون اور تحفظ کا احساس پیدا کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں:
ترجمان نے کہا کہ امسال یاترا کے دوران ہی کرگل وجے دیوس کا موقعہ آیا اور کرگل جنگ کی فتح کی تمام یاترا بیس کیمپوں پر تعظیم کی گئی۔انہوں نے کہا کہ امسال کی یاترا سے کرگل جنگ کے دوران ملک کے دفاع کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادر فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع میسر ہوا۔
62 دنوں پر محیط یہ یاترا 31 اگست کو شرون پورنیما کے متبرک موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔جموں وکشمیر انتظامیہ اور امرناتھ شرائن بورڈ نے یاترا کے لئے فقید المثال انتظامات کیے ہیں۔
(یو این آئی کے ساتھ)